تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر عہدیدار محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ کے دوران نقصان سے دوچار ہونے والی فوجی تنصیبات کو نئے اور زیادہ محفوظ مقامات پر منتقل کرکے دوبارہ فعال کردیا گیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق محمد رضا نقدی نے جنگ کے بعد ایران کی دفاعی تنصیبات اور فوجی پیداوار کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ مراکز کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کردی گئی ہیں۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق بحال کیے جانے والے مراکز میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے، جبکہ کچھ مقامات پر دفاعی پیداوار کی رفتار جنگ سے قبل کی سطح سے بھی بڑھ چکی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ کے دوران مختلف فوجی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کے باوجود ایران نے اپنی دفاعی پیداوار بحال کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے اور پیداواری صلاحیت کو دوبارہ فعال کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
پاسداران انقلاب اور حکومت کے تعلقات پر بیان
محمد رضا نقدی نے پاسداران انقلاب اور ایرانی حکومت کے درمیان تعلقات کو مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان تعاون اور رابطہ بدستور قائم ہے۔
ان کے مطابق موجودہ حالات میں ایران کے اندر کسی قسم کی تقسیم یا اندرونی اختلافات نہیں ہیں اور ریاستی ادارے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔
امریکا کے ساتھ جنگ یا مذاکرات، ایران کی ترجیح کیا ہے؟
ایرانی عہدیدار نے امریکا کے ساتھ مستقبل کے تعلقات اور ممکنہ نئے تنازع کے حوالے سے بھی اپنا مؤقف پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی موجودہ ترجیح فوری طور پر جنگ یا مذاکرات میں جانا نہیں بلکہ اپنی دفاعی طاقت کو اس سطح تک پہنچانا ہے کہ کوئی بھی مخالف ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا فیصلہ کرنے سے پہلے کئی مرتبہ غور کرے۔
محمد رضا نقدی کے مطابق ایران جنگ کا آغاز نہیں کرنا چاہتا، تاہم ملک کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ضروری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حملے کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط دفاعی صلاحیت اور مؤثر بازدار قوت مستقبل میں خطے میں بڑے تنازعات کے امکانات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
امریکا کو نئے تنازع سے متعلق خبردار کردیا
ایرانی عہدیدار نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے لیے ایران کے ساتھ ایک اور بڑے فوجی تصادم میں داخل ہونا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
ان کے مطابق کسی نئے بڑے تنازع کی صورت میں امریکا کو سیاسی، فوجی اور دیگر شعبوں میں بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی
واضح رہے کہ فوجی مراکز کی دوبارہ بحالی، محفوظ مقامات پر منتقلی اور دفاعی پیداوار میں اضافے سے متعلق محمد رضا نقدی کے دعووں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
