ایران جنگ جنوری کے آخر تک جاری رکھنے کے لیے فنڈز موجود ہیں، ٹرمپ کا اعلان
۔ انہوں نے کانگریس میں ڈیموکریٹس کو خبردار کیا ہے کہ جنگ روکنے کی کوشش امریکی فوجی کامیابی کو نقصان میں تبدیل کر سکتی ہے۔

امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ جنوری میں ڈیموکریٹس کے کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے حوالے سے ان کی انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ حزب اختلاف کی جماعت جنگ کو قبل از وقت ختم کرنے کے لیے اقدامات نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق ایسا کوئی بھی فیصلہ اب تک حاصل ہونے والی فوجی کامیابی کو ناکامی میں بدل سکتا ہے۔

ٹرمپ نے انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا کہ امریکی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ ایرانی قیادت بھی ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اپنی مرضی سے کسی بھی وقت جنگ ختم کر سکتا ہے۔

جب امریکی صدر سے سوال کیا گیا کہ کیا ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائیاں کرنے کے لیے ان کے پاس وقت اور وسائل محدود ہو سکتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ جنوری کے اختتام تک جنگی اخراجات پورے کرنے کے لیے فنڈز دستیاب ہیں۔

ایران میں حکومت کی تبدیلی امریکا کا بنیادی مقصد نہیں، ٹرمپ

انٹرویو میں ٹرمپ نے ایران میں اسلامی جمہوری نظام کے خاتمے سے متعلق اسرائیل کے مؤقف پر بھی اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کا ہدف ممکنہ طور پر حاصل کیا جا سکتا ہے، تاہم یہ امریکا کی جنگی حکمت عملی کا بنیادی مقصد نہیں رہا۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ ان کی اولین ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ ان کے مطابق وہ ابتدا ہی سے اسی مقصد کے تحت اقدامات کر رہے ہیں اور ایران میں حکومت کی تبدیلی ان کے لیے کوئی بنیادی شرط نہیں رہی۔

ٹرمپ کے ان بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے معاملے پر امریکا اور اسرائیل کے اہداف میں فرق موجود ہے۔ جہاں اسرائیل ایرانی نظام حکومت کی تبدیلی کو اہم ہدف قرار دیتا رہا ہے، وہیں ٹرمپ نے امریکی ترجیح کو ایران کے جوہری پروگرام تک محدود رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

دوسری جانب جنوری میں امریکی کانگریس کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے پاس جانے کے امکان کے باعث ایران جنگ کے مستقبل اور اس کے لیے مختص مالی وسائل کا معاملہ امریکی سیاست میں اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *