پینٹاگون نے ایران جنگ سے متعلق امریکی فوجی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی

امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے دوران ہونے والے جانی نقصانات کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 624 اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔

پینٹاگون کی تازہ اپ ڈیٹ میں متعدد نئے زخمی اہلکاروں کا اندراج کیا گیا ہے، جبکہ حالیہ حملوں میں جان سے ہاتھ دھونے والے مزید فوجیوں کو بھی سرکاری ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی فوجی کارروائیوں کے دوران بیرونِ ملک ہونے والے نقصانات کی نگرانی کے لیے “اوورسیز آپریشنز” کے نام سے ایک علیحدہ ریکارڈنگ نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے تحت مختلف بیرونی مشنز میں ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی تفصیلات الگ سے محفوظ کی جا رہی ہیں۔

دستیاب اعداد و شمار کو مجموعی فوجی آپریشنز کے ریکارڈ کے ساتھ ملا کر دیکھا جائے تو ایران کے خلاف کارروائیوں کے دوران امریکی فوج کو مجموعی طور پر 18 ہلاکتوں اور 624 زخمی اہلکاروں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

سرکاری تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 11 اہلکار امریکی آرمی، 6 فضائیہ اور ایک بحریہ سے تعلق رکھتا ہے۔ زخمیوں میں 461 آرمی، 86 نیوی، 58 ایئر فورس اور 19 میرین کور کے اہلکار شامل ہیں۔

اس سے قبل امریکی میڈیا اور بعض ارکانِ کانگریس کی جانب سے پینٹاگون پر یہ تنقید کی جاتی رہی کہ سرکاری اعداد و شمار میں فوجی نقصانات کی مکمل تصویر سامنے نہیں لائی جا رہی۔ تازہ اپ ڈیٹ کے بعد ان اعداد و شمار میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نئی کیٹیگری میں شامل تمام واقعات کی الگ الگ تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم ان میں خطے میں مختلف فوجی کارروائیوں کے دوران ہونے والے جانی نقصانات شامل ہیں۔

دفاعی امور پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ تازہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ایران سے متعلق جاری کشیدگی کے باعث امریکی فوج کو انسانی اور عسکری سطح پر قابلِ ذکر نقصان اٹھانا پڑا ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال اب بھی غیر یقینی اور کشیدہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *