ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کےبیشترجگہوں پر امریکی ڈرونز اور کروز میزائلوں کو نشانہ بنا کر ان کے حملوں کو ناکام بنایا۔
ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار کے روز مغربی ایران میں فضائی دفاعی یونٹس نے قومی ایئر ڈیفنس نیٹ ورک کی مدد سے ایک MQ-9 Reaper ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اسی کارروائی کے دوران کئی امریکی کروز میزائل بھی تباہ یا ناکارہ بنا دیے گئے۔
بیان کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے جنوب مغربی شہر اہواز کے قریب ایک اور MQ-9 ریپر ڈرون کو نشانہ بنایا، جبکہ صوبہ بوئیر احمد کے جنوبی آپریشنل علاقے میں ایک مبینہ جاسوس ڈرون کو بھی گرانے کا دعویٰ کیا گیا۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ ایک ڈرون کو تباہ کرنے کے بجائے اس کا کنٹرول حاصل کرکے محفوظ طریقے سے زمین پر اتارا گیا، جس کے ذریعے دشمن کی مبینہ نگرانی کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا۔
حکام کے مطابق حالیہ کشیدگی کے دوران ایرانی فضائی دفاع نے متعدد فضائی اہداف کے خلاف کارروائیاں کیں۔ ایرانی مؤقف کے مطابق ان کارروائیوں میں مختلف اقسام کے ڈرونز، جن میں ریپر، ہیرمس اور لوکاس ماڈلز شامل ہیں، کو مار گرایا
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا کہ جنگی کارروائیوں کے دوران متعدد امریکی جنگی طیاروں، جن میں ایف-35، ایف-15، ایف-16 اور فضائی ایندھن فراہم کرنے والے طیارے شامل ہیں، کو بھی نقصان پہنچایا گیا یا تباہ کیا گیا۔
نوٹ: ان تمام دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے
