امریکا کا ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کا عندیہ
واشنگٹن: امریکا نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔ امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مطابق واشنگٹن ضرورت پڑنے کی صورت میں تہران کے خلاف دوبارہ طاقت کے استعمال کا فیصلہ کرسکتا ہے۔
وسکونسن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران کے معاملے میں امریکی فوجی آپشن بدستور موجود ہے۔ ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا نے مستقبل میں کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے راستہ کھلا رکھا ہوا ہے۔
امریکی وزیرِ جنگ نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی بات کی اور دعویٰ کیا کہ اس اہم بحری گزرگاہ پر امریکی کنٹرول برقرار ہے جبکہ تیل کی ترسیل بھی بحال ہوچکی ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ کے مطابق ایران پر صرف فوجی نہیں بلکہ معاشی دباؤ بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیاں ایرانی معیشت کو متاثر کر رہی ہیں اور تہران پر مذاکرات کی طرف آنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران کے حوالے سے اپنی پالیسی میں کسی بھی آپشن کو خارج نہیں کر رہا۔ واشنگٹن ضرورت اور حالات کو دیکھتے ہوئے آئندہ کے اقدامات کا فیصلہ کرے گا۔
