امریکا کی ریاست نیو جرسی میں ماحولیاتی صفائی کے دوران ایک ایسی بوتل دریافت ہوئی جس کے اندر موجود پیغام نے نصف صدی سے زائد پرانی یادیں تازہ کر دیں۔ یہ پیغام تقریباً 53 سال قبل ایک کم عمر بچی نے سمندر میں بہایا تھا۔
رپورٹس کے مطابق دلدلی علاقوں کی صفائی میں مصروف ماحول دوست تنظیم کے شریک بانی جان کاؤٹرمین کو صفائی کے دوران ایک بند شیشی ملی۔ بوتل کھولنے پر اس کے اندر ایک دلچسپ اور مزاحیہ انداز میں لکھا گیا خط موجود تھا، جس پر 20 اگست 1973 کی تاریخ درج تھی۔
پیغام میں ایک نو سالہ بچی نے فرضی کہانی بیان کرتے ہوئے لکھا تھا کہ اسے اغوا کرکے ایک دور دراز جزیرے پر لے جایا جا رہا ہے، جہاں اسے خطرناک شارکوں سے بھرے سمندر میں غوطے لگانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ اس نے پڑھنے والے سے درخواست کی تھی کہ یہ پیغام اس کے گھر کے پتے پر واپس بھیج دیا جائے تاکہ اس کی “جان بچائی جا سکے”۔ خط کے آخر میں اس نے اپنا نام لاری بلیئر درج کیا تھا۔
بوتل ملنے کے بعد جان کاؤٹرمین نے اس پیغام کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے ذریعے وہ اس خط کی اصل مصنفہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ یہ کوشش کامیاب رہی اور پوسٹ بالآخر لاری بلیئر کی بہن ایلیسن اسپینسر تک جا پہنچی۔
ایلیسن اسپینسر نے بتایا کہ اس وقت لاری صرف نو برس کی تھیں، جبکہ وہ خود عمر میں بڑی ہونے کے باعث بہتر لکھائی رکھتی تھیں۔ ان کے مطابق لاری نے مزاحیہ انداز میں یہ پیغام بول کر لکھوایا تھا، جسے دونوں بہنوں نے ایک بوتل میں بند کرکے اوشن سٹی کے ساحل سے سمندر کے حوالے کر دیا تھا۔
53 برس بعد اسی بوتل کا دوبارہ مل جانا خاندان کے لیے خوشگوار حیرت ثابت ہوا اور یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی دلچسپی کا مرکز بن گیا
