امریکا: فٹبال فیلڈ کے برابر گھاس کاٹنے کا انوکھا ریکارڈ
ایک منفرد اور دلچسپ عالمی ریکارڈ کی خبر سامنے آئی ہے جہاں امریکا میں ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر نے انتہائی کم وقت میں بڑے رقبے کی گھاس کاٹ کر نئی مثال قائم کر دی۔
ریاست کینٹکی سے تعلق رکھنے والی انفلوئنسر ہیلی ریمن، جو آن لائن “لان کوئین” کے نام سے پہچانی جاتی ہیں، نے لوئس ول کے واٹر فرنٹ پارک میں واقع وسیع لان کو صرف 14 منٹ 51 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں کاٹ کر گینیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کیا۔
منتظمین کے مطابق اس ریکارڈ کے لیے یہ شرط رکھی گئی تھی کہ گھاس کی لمبائی کم از کم 6 انچ ہو، تاکہ کارکردگی کو باضابطہ طور پر جانچا جا سکے۔
یہ کارنامہ ایک طاقتور گھاس کاٹنے والی مشین کے ذریعے انجام دیا گیا، جو پاور ٹیک کمپنی نے فراہم کی تھی۔ مشین 999 سی سی پیٹرول انجن سے لیس تھی اور اپنی رفتار و طاقت کے باعث نمایاں رہی۔
واٹر فرنٹ پارک کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیبرا بِلیٹزکی نے کہا کہ یہ لان ان کی کمیونٹی کی ایک اہم پہچان ہے اور انہیں خوشی ہے کہ اسے اب عالمی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے۔