کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ ٹاؤن کے خادم سولنگی گوٹھ میں امام بارگاہ کے لنگر خانے کی اراضی پر مبینہ قبضے کی کوشش کے خلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے سڑکوں پر نکل کر قبضہ مافیا کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اراضی کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کی قیادت کرنے والے سید صدا حسین شاہ، سید جاوید شاہ اور دیگر مقامی معززین کا کہنا ہے کہ مذکورہ اراضی کئی دہائیوں سے امام بارگاہ اور لنگر خانے کے لیے استعمال ہو رہی ہے، جہاں مذہبی اور رفاہی خدمات انجام دی جاتی ہیں۔
مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر مبینہ قبضے کی کوشش میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مرکزی شاہراہوں پر دھرنا دیا جائے گا
