راولپنڈی: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں مہاجرین کی مخصوص نشستوں پر کل پولنگ ہوگی، جس کے لیے انتخابی عملے کو پولنگ میٹریل کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں سکستھ روڈ پر قائم گورنمنٹ گریجویٹ کالج کو انتخابی سامان کی تقسیم کا مرکزی مرکز بنایا گیا ہے، جہاں سے پریزائیڈنگ افسران اور دیگر انتخابی عملہ بیلٹ پیپرز، بیلٹ باکسز، انتخابی فہرستیں اور دیگر ضروری مواد وصول کر کے اپنے مقررہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ ہو رہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق حساس انتخابی سامان کی ترسیل سخت حفاظتی انتظامات کے تحت کی جا رہی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تقسیم کے مراکز اور راستوں پر سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ انتخابی عمل پرامن اور شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔
ضلعی انتظامیہ اور الیکشن حکام نے پولنگ کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ پولنگ اسٹیشنز پر عملے کی تعیناتی، انتخابی سامان کی فراہمی اور دیگر انتظامی اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ عملہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کل صبح مقررہ وقت پر پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ راولپنڈی میں مہاجرین کی نشستوں کے لیے جموں 6، وادی 4 اور وادی 5 کے حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔
انتخابی حلقوں کی تقسیم کے مطابق وادی 4 صرف راولپنڈی شہر پر مشتمل ہے، وادی 5 میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مخصوص علاقے شامل ہیں، جبکہ جموں 6 کا حلقہ راولپنڈی ڈویژن سے اسلام آباد تک پھیلا ہوا ہے، جہاں رجسٹرڈ مہاجر ووٹر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
