پانی کی شدید قلت کے خلاف آبادگاروں کا احتجاج
گھوٹکی خانپور مہر کے علاقے آر ڈی 70 قاضی واہ سے نکلنے والی مٹھڑی مائنر میں پانی کی شدید قلت کے خلاف آبادگاروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرے کی قیادت گل حسن بنگلانی، مجید گڈانی، منشی وحید انصاری، علی مراد مہر اور نواب مہر نے کی۔
اس موقع پر مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بیلدار شالو مہر نے نہر میں مصنوعی پانی کی قلت پیدا کر رکھی ہے اور بااثر افراد سے مبینہ طور پر رقم لے کر پانی کی فراہمی روک دی جاتی ہے، جس کے باعث علاقے میں دھان کی فصل شدید متاثر ہو رہی ہے اور کاشتکاروں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
آبادگاروں نے انجینئر انور سومرو، ایس ڈی او ایریگیشن، صوبائی وزیر سردار محمد بخش خان مہر اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مٹھڑی مائنر میں فوری طور پر پانی بحال کیا جائے اور ذمہ دار اہلکار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ دھان کی فصل کی بروقت کاشت ممکن بنائی جا سکے۔