سعودی عرب: القصيم سے عباسی دور کے 100 نایاب زیورات دریافت
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں ہونے والی ایک آثارِ قدیمہ کی کھدائی کے دوران قیمتی زیورات اور تاریخی نوادرات کا ایک اہم ذخیرہ سامنے آیا ہے، جس نے ماہرین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دریافت ہونے والے زیورات میں ایک مکمل سیٹ شامل ہے جو پھولوں کی طرز پر تیار کیا گیا ہے۔ اس سیٹ میں مختلف رنگوں کے قیمتی پتھر اور نگینے جڑے ہوئے ہیں، جو اس دور کی اعلیٰ دستکاری اور جمالیاتی ذوق کی عکاسی کرتے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ اس دریافت میں ایک بڑا گول زیور بھی شامل ہے جس کے وسط میں نفیس انداز میں مختلف رنگوں کے نگینے لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف رنگوں کی تسبیح نما اشیاء بھی ملی ہیں جن میں سونے کے باریک اور بڑے سائز کے سپیسرز استعمال کیے گئے ہیں۔
یہ نوادرات الدرعیہ کے علاقے میں سعودی ہیریٹیج کمیشن کے آثارِ قدیمہ سروے اور کھدائی کے دوران دریافت ہوئے۔ حکام کے مطابق یہ تلاش مملکت کی تاریخی اور ثقافتی وراثت کی گہرائی اور تنوع کو ظاہر کرتی ہے۔