انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ نیو مری بازار کا اہم دورہ کیا
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ نیو مری بازار کا اہم دورہ کیا۔ دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مری کامران ضغیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے بازار میں جاری مختلف ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور موقع پر موجود افسران سے منصوبوں کی پیش رفت، معیارِ تعمیر اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے سخت ہدایات جاری کیں کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ وقت پر پورا کیا جائے تاکہ عوام کو ان کا اصل فائدہ پہنچ سکےڈپٹی کمشنر نے دورے کے دوران بازار اور اس کے اطراف میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود اداروں کو صفائی کا معیار مزید بہتر بنانے، کوڑے کی بروقت تلفی اور سیاحتی مقامات پر خصوصی صفائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ بازار میں قائم تجاوزات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مری نے موقع پر ہی افسران کو ہدایات دیں کہ سرکاری اراضی، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز اور فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں اور سیاحوں کی آمدورفت میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف مہم کو مزید تیز کیا جائے گا اور عوامی مفاد کے سامنے کوئی بھی غیر قانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔