شہر قائد ایک مرتبہ پھر ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی بڑھتی ہوئی شرح نہ صرف تشویش ناک ہے بلکہ کروڑوں شہریوں کی صحت کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق آلودہ فضا میں سانس لینے سے شہریوں کو گلے میں خراش، الرجی، کھانسی، سانس کی تکالیف اور دیگر بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔
کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر، بین الاقوامی صنعتی مرکز اور ملکی معیشت کی شہ رگ سمجھا جاتا ہے۔ یہاں کروڑوں افراد آباد ہیں، لیکن جس تیزی سے اس شہر میں فضائی آلودگی بڑھ رہی ہے، وہ مستقبل کے حوالے سے انتہائی پریشان کن صورت حال کی نشاندہی کرتی ہے۔ مختلف اوقات میں ماہرین ماحولیات اور تجزیہ نگار اس خطرے سے خبردار کرتے رہے ہیں، مگر افسوس کہ اب تک اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی سامنے نہیں آ سکی۔
شہر میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جہاں صنعتی دھوئیں، گاڑیوں سے خارج ہونے والی مضر گیسوں اور دیگر آلودگی کے ذرائع کو کنٹرول کرنا ضروری ہے، وہیں شجرکاری بھی اس سلسلے کا ایک اہم اور بنیادی اقدام ہے۔ درخت اور پودے نہ صرف فضا کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں بلکہ درجہ حرارت میں کمی، سایہ فراہم کرنے اور شہری ماحول کو خوش گوار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کراچی جیسے گنجان آباد اور گرم شہر میں سرسبزی و شادابی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔
یہ ذمہ داری صرف شہری انتظامیہ، صوبائی یا وفاقی حکومت کی نہیں بلکہ ہر شہری کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہر فرد اگر اپنے گھر، گلی، محلے، دفتر اور دستیاب خالی جگہوں پر پودے لگانے کی روایت کو فروغ دے تو اجتماعی طور پر اس کے مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ شہر قائد کو سرسبز و شاداب بنانا صرف خوب صورتی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی صحت، بہتر ماحول اور محفوظ مستقبل کےلئےبھی ضروری ہے۔
تاہم اس سلسلے میں بنیادی اور بڑی ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ بلدیاتی، صوبائی اور وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ کراچی کے لیے ایک جامع ماحولیاتی پالیسی مرتب کریں، بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کریں، لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کا مستقل نظام بنائیں اور صنعتی علاقوں میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ صرف پودے لگا دینا کافی نہیں بلکہ ان کی آبیاری، حفاظت اور نشوونما کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔
سب سےقابلِ ذکر بات یہ ہے کہ شہر میں بعض فلاحی ادارے اپنی مدد آپ کے تحت اس اہم مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ الخیر ٹرسٹ ریلیف فاؤنڈیشن اور تشکیل فاؤنڈیشن بھی ان اداروں میں شامل ہیں جو کراچی کو سرسبز بنانے کے لیے عملی کوششیں کر رہے ہیں۔ ان اداروں کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں پودے لگائے گئے ہیں۔ لیاری ایکسپریس وے کے اطراف میں شجرکاری کے علاوہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بھی بڑی تعداد میں پودے لگائے گئے ہیں، جبکہ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں بھی شجرکاری کا منصوبہ جاری ہے۔
یہ کوششیں یقیناً قابلِ توجہ ہیں، کیونکہ آج لگائے جانے والے یہ پودے اگر مناسب دیکھ بھال کے ساتھ پروان چڑھیں تو آنے والے برسوں میں تناور درخت بن کر نہ صرف شہر کے درجہ حرارت میں کمی کا ذریعہ بن سکتے ہیں بلکہ فضائی آلودگی کے اثرات کم کرنے اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ان فلاحی اداروں کی حوصلہ افزائی کرے اور ان کے ساتھ اشتراکِ عمل کے ذریعے شجرکاری کے منصوبوں کو مزید وسعت دے۔ کراچی کے تمام صنعتی علاقوں، شاہراہوں، پارکوں، تعلیمی اداروں اور خالی سرکاری اراضی کو سرسبز بنانے کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ درختوں کی غیر ضروری کٹائی روکنے اور موجودہ سبزہ محفوظ بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں۔
شہر قائد کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانا کسی ایک ادارے یا فرد کا کام نہیں بلکہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر حکومت سنجیدہ منصوبہ بندی کرے، فلاحی ادارے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور شہری بھی شجرکاری کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں تو کراچی کو ایک بہتر، صاف ستھرا اور سرسبز شہر بنایا جا سکتا ہے۔ آج ہم نے اس مسئلے کو نظر انداز کیا تو آنے والی نسلوں کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔ لہٰذا وقت کا تقاضا ہے کہ شہر قائد کو آلودگی سے پاک اور سرسبز و شاداب بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
