نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی ایک ایسا قومی ادارہ ہے جس کا بنیادی مقصد شہریوں کو سائبر کرائم سے تحفظ فراہم کرنا، ان کے ساتھ ہونے والی آن لائن زیادتیوں، دھوکہ دہی، فراڈ، بلیک میلنگ اور موبائل فون یا انٹرنیٹ کے ذریعے دی جانے والی دھمکیوں کی تحقیقات کرنا اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔ بلاشبہ ڈیجیٹل دور میں اس ادارے کی اہمیت اور ضرورت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ آج تقریباً ہر شہری کسی نہ کسی حوالے سے انٹرنیٹ اور موبائل فون استعمال کر رہا ہے اور سائبر جرائم کے خطرات بھی مسلسل بڑھ رہے ہیں۔
یکن یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی عام شہریوں کی شکایات پر بھی اسی سنجیدگی سے کارروائی کرتی ہے یا اس ادارے کی توجہ صرف مخصوص نوعیت کی شکایات اور بااثر افراد کے معاملات تک محدود ہے کیا ایک عام پاکستانی شہری کا یہ حق نہیں کہ وہ اپنے ساتھ ہونے والے آن لائن فراڈ، دھوکہ دہی اور ہراسانی کی شکایت درج کرائے اور متعلقہ ادارہ اس پر فوری اور مؤثر کارروائی کرے
6 نومبر کو میں نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی ویب سائٹ پر ایک باقاعدہ شکایت درج کرائی، جس کا کمپلینٹ نمبر بھی مجھے موصول ہوا۔ شکایت ایک آن لائن ہیلمٹ خریدنے کے حوالے سے تھی۔ معاملہ بظاہر معمولی تھا، لیکن اس کے پیچھے ایک منظم آن لائن فراڈ اور مبینہ طور پر جعلی سرکاری اہلکار کی دھمکیوں کا معاملہ سامنے آیا۔ میں نے آن لائن ہیلمٹ کا آرڈر دیا۔ فروخت کرنے والوں نے ابتدا میں کیش آن ڈیلیوری کی سہولت کا بتایا، تاہم آرڈر درج ہونے کے بعد کہا گیا کہ پہلے 400 روپے ادا کرنا ہوں گے جبکہ باقی رقم ہیلمٹ وصول کرتے وقت ادا کی جائے گی۔ میں نے ان کے مطالبے پر 400 روپے بھیج دیے۔
اس کے بعد دوبارہ رابطہ کیا گیا اور ٹی سی ایس کے ریڈ باکس میں ہیلمٹ رکھ کر ایک ویڈیو بھیجی گئی۔ میرے نام کی رسید بھی دکھائی گئی اور بتایا گیا کہ پارسل مکمل طور پر تیار ہے اور اب اسے کوریئر کمپنی کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ اس مرحلے پر مزید 800 روپے بھیجنے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ باقی رقم وصولی کے وقت ادا کر دیجیے گا۔
دلچسپ بات یہ تھی کہ مذکورہ شخص کے چہرے پر سنتِ رسول ﷺ کے مطابق داڑھی تھی اور وہ فون پر اپنا نام حافظ عبداللہ بتاتے ہوئے بار بار یہ یقین دہانی کرا رہا تھا کہ اس کے حلیے اور دینی شناخت کے پیش نظر دھوکہ دہی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ اسی اعتماد اور یقین دہانی پر میں نے مزید 800 روپے بھی منتقل کر دیے۔لیکن اصل کہانی اس کے بعد شروع ہوئی۔کچھ ہی دیر بعد ایک نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوئی۔ کال کرنے والا شخص وردی میں ملبوس تھا اور اپنا تعارف ڈیرہ غازی خان میں تعینات کوسٹ گارڈ کے ایس ایچ او کے طور پر کروا رہا تھا۔ اس نے نہ صرف انتہائی بدتمیزی اور گالم گلوچ کی بلکہ دھمکیاں بھی دیں۔ اس کا کہنا تھا کہ آپ نے جو ہیلمٹ منگوایا ہے وہ اسمگل شدہ ہے اور آپ اس معاملے میں پھنس سکتے ہیں۔اس شخص نے ایک ویڈیو بھی بھیجی جس میں ایک گاڑی سے ڈبے اتارے جا رہے تھے اور وردی میں ملبوس بعض افراد بھی دکھائی دے رہے تھے۔ اس کے بعد اس نے میرے ساتھ مزید سخت کارروائی کرنے اور دیکھ لینے کی دھمکیاں دیں۔ یہاں تک کہ ایک مبینہ شکایت کا اسکرین شاٹ یا دستاویز بھی بھیجی، جسے وہ میرے خلاف درج ہونے والی سرکاری شکایت ظاہر کر رہا تھا، حالانکہ اس کی حقیقت اور قانونی حیثیت واضح نہیں تھی۔
یہ تمام صورت حال دیکھ کر مجھے اندازہ ہوا کہ معاملہ آن لائن خریداری کا نہیں بلکہ ایک منظم فراڈ، دھمکیوں اور سرکاری اہلکار ظاہر کرکے خوف زدہ کرنے کی کوشش کا بھی ہو سکتا ہے۔ ممکنہ طور پر یہ دونوں کردار ایک ہی شخص کے ہوں یا باہم مل کر کام کر رہے ہوں، تاہم اس کی تصدیق تحقیقات ہی سے ممکن ہے۔
میں نے اسی وقت، تقریباً پانچ منٹ کے اندر، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی ویب سائٹ پر تفصیلی شکایت درج کرائی۔ متعلقہ موبائل نمبرز، پیغامات، مالی لین دین اور دیگر دستیاب تفصیلات شکایت میں شامل کیں۔ شکایت نمبر موصول ہونے کے بعد میں نے وہ نمبر بھی متعلقہ افراد کو بھیج دیا تاکہ انہیں معلوم ہو کہ معاملہ اب متعلقہ تحقیقاتی ادارے تک پہنچ چکا ہے۔
لیکن افسوس کہ 6 نومبر کو شکایت درج کرانے کے بعد تقریباً پندرہ دن گزرنے کے باوجود مجھے تاحال ادارے کی جانب سے نہ کوئی فون کال موصول ہوئی، نہ کوئی پیغام اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ میری شکایت پر کوئی کارروائی شروع ہوئی ہے یا نہیں۔ مجھے یہ بھی معلوم نہیں کہ متعلقہ افراد کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا ہے یا معاملہ تاحال فائلوں اور ریکارڈ تک محدود ہے۔
یہاں سوال صرف میری ذاتی شکایت کا نہیں بلکہ ان ہزاروں اور لاکھوں شہریوں کا ہے جو روزانہ آن لائن خریداری، جعلی کاروباری صفحات، فرضی شناختوں، موبائل نمبرز اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہونے والے فراڈ کا شکار ہوتے ہیں۔ اگر ایسے معاملات کی بروقت تحقیقات نہ ہوں تو فراڈی عناصر مزید لوگوں کو اپنا نشانہ بناتے رہیں گے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے یہ سوال کرنا ضروری ہے کہ کیا ایک عام شہری کی شکایت بھی ادارے کی ترجیحات میں شامل ہےکیا شکایت درج ہونے کے بعد شہری کو یہ بتانا ادارے کی ذمہ داری نہیں کہ اس کی درخواست کس مرحلے میں ہےاگر کوئی شخص آن لائن فراڈ کا شکار ہو، اسے رقم سے محروم کیا جائے، اس کے بعد جعلی پولیس یا سرکاری اہلکار بن کر دھمکیاں دی جائیں تو کیا یہ ادارے کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کافی نہیں
یہ بھی ضروری ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات میں اس پہلو کو خصوصی اہمیت دی جائے کہ آیا کوئی شخص سرکاری وردی، عہدے یا ادارے کا نام استعمال کرکے شہریوں کو ہراساں اور بلیک میل تو نہیں کر رہا۔ اگر کوئی شخص حقیقتاً کسی سرکاری ادارے سے تعلق رکھتا ہے اور اپنے منصب کا ناجائز استعمال کر رہا ہے تو اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔ اور اگر کوئی جعل ساز سرکاری اہلکار بن کر لوگوں کو لوٹ رہا ہے تو اسے بھی قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔
اداروں کی ساکھ صرف ان کے نام اور عمارتوں سے قائم نہیں ہوتی بلکہ ان کی کارکردگی، شفافیت اور عام شہری کو فراہم کیے جانے والے انصاف سے قائم ہوتی ہے۔ ایک شہری جب اپنی شکایت لے کر کسی سرکاری ادارے کے دروازے پر دستک دیتا ہے تو وہ کسی احسان کا طلب گار نہیں ہوتا بلکہ اپنے آئینی اور قانونی حق کا مطالبہ کر رہا ہوتا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو چاہیے کہ وہ شکایات کے اندراج کے ساتھ ساتھ ان پر ہونے والی پیش رفت سے بھی شہریوں کو آگاہ کرے، شکایت کنندگان کے لیے مؤثر رابطہ نظام بنائے اور آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنائے۔اگر ایک عام شہری کو شکایت درج کرانے کے بعد یہ بھی معلوم نہ ہو کہ اس کی درخواست کہاں پہنچی اور اس پر کیا کارروائی ہوئی تو پھر وہ اس ادارے سے انصاف کی توقع کیسے وابستہ کرے گا
