پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستانی بولر ثاقب خان نے اپنے ڈیبیو کو یادگار بناتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے سری لنکا کی پہلی اننگز میں مجموعی طور پر سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم مہمان ٹیم پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف 12 رنز کی معمولی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

سری لنکا نے چوتھے روز اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 404 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو ثاقب خان نے پہلے ہی اوور میں دھننجیا ڈی سلوا کو گزشتہ روز کے انفرادی اسکور 167 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ دھننجیا نے گزشتہ روز شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کے لیے مشکلات پیدا کی تھیں۔

انہوں نے کپتان کوشال مینڈس کے ساتھ مل کر 249 رنز کی اہم شراکت قائم کی تھی، جس کی بدولت سری لنکن ٹیم ایک مضبوط پوزیشن میں پہنچ گئی تھی۔

تیسرے روز کے اختتام پر 117 رنز کے ساتھ کریز پر موجود کوشال مینڈس بھی اگلی صبح زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور صرف دو رنز کے اضافے کے بعد ثاقب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ثاقب خان نے اپنی عمدہ بولنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سونل دینوشا کو 20 رنز، لاہیرو کمارا کو بغیر کوئی رن بنائے اور اسیتھا فرنینڈو کو چار رنز پر آؤٹ کردیا۔

اس کارکردگی کے ساتھ ثاقب خان ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پہلے ہی میچ کی ایک اننگز میں سات وکٹیں لینے والے پاکستان کے چوتھے بولر بن گئے۔ ان سے پہلے محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد بھی ڈیبیو ٹیسٹ کی ایک اننگز میں سات وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم چوتھے روز اپنے گزشتہ مجموعے میں مزید 42 رنز شامل کرسکی اور اس دوران اس کی آخری چھ وکٹیں بھی گر گئیں۔ یوں مہمان ٹیم کی پہلی اننگز 446 رنز پر مکمل ہوئی اور اسے پاکستان کے مقابلے میں 12 رنز کی برتری مل گئی۔

پاکستان کی جانب سے ثاقب خان نے سات وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عباس نے دو اور رضا اللہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی پہلی اننگز 434 رنز پر ڈکلیئر
اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی۔ قومی ٹیم کی جانب سے سعود شکیل 93 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور صرف سات رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔

دیگر نمایاں بلے بازوں میں طیب عارف نے 57، عرفات منہاس نے 52، محمد طحہٰ نے 51 جبکہ کپتان بابر اعظم نے 50 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں ثاقب خان کی سات وکٹوں نے پاکستان کو مقابلے میں واپس آنے کا موقع فراہم کیا ہے، تاہم سری لنکا کی 12 رنز کی برتری کے بعد میچ میں دونوں ٹیموں کے لیے اگلی اننگز انتہائی اہمیت اختیار کرگئی ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *