انڈر 19 ایشیا کپ کے بارہویں مقابلے میں نیپال نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیمیں عمان کے شہر الامیرات کے کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔
میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت فاسٹ بولر علی رضا کی جگہ محمد حذیفہ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
علی رضا کو انجری کا شکار عاکف جاوید کے متبادل کے طور پر رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں شرکت کرنے والی ایمرجنگ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی وجہ سے وہ انڈر 19 ٹیم کی آج کی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں۔
گروپ اے میں پاکستان کی پوزیشن پہلے ہی مستحکم ہوچکی ہے اور دفاعی چیمپئن ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔ دوسری جانب نیپال کی ٹیم ایونٹ میں مزید پیش رفت کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔
گروپ اے کے ایک اور اہم مقابلے میں بھارت اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔ اس میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائے گی، جس کے باعث دونوں ٹیموں کے لیے یہ مقابلہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔
ادھر گروپ بی سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کا فیصلہ بھی ہوچکا ہے، جہاں افغانستان نے چھ پوائنٹس جبکہ سری لنکا نے چار پوائنٹس حاصل کرکے اگلے مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بنالی ہے۔
اب ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے کی تصویر واضح ہوتی جارہی ہے، جہاں ٹیموں کی نظریں ٹائٹل کے حصول کے لیے اگلے مقابلوں پر مرکوز ہیں۔
