پاکستان میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ، 12 نومبر سے موسم مزید خراب ہونے کا امکان
اسلام آباد: ملک کے بالائی اور مغربی حصوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ اثر انداز ہو رہا ہے، جس کی شدت 12 نومبر سے مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسمی نظام 14 نومبر کی صبح تک بالائی علاقوں میں موجود رہ سکتا ہے، جس کے باعث مختلف مقامات پر بارش، تیز ہواؤں اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے اعدادوشمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں دیر بالا میں 21 ملی میٹر، کالام میں 16، چراٹ میں 14، دیر زیریں میں 2، دروش میں 10، سیدو شریف میں 9، میرکھانی اور پٹن میں 6، جبکہ چترال اور مالم جبہ میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔

آزاد کشمیر میں مظفرآباد شہر میں 9 ملی میٹر، مظفرآباد ایئرپورٹ اور گڑھی دوپٹہ میں 5، جبکہ کوٹلی میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب میں مری کے مقام پر 8 اور چکوال میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ گلگت بلتستان کے علاقے بابوسر میں بھی 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ملک کے سرد ترین مقامات کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بگروٹ میں درجہ حرارت ایک ڈگری جبکہ اسکردو، بابوسر اور استور میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے باعث بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے وقت موسمی صورتحال اور متعلقہ اداروں کی ہدایات کو مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *