راولپنڈی اور اسلام آباد آج ایک نجی پرائیویٹ سکول کیمپس اسلام آباد میں کیمبرج او اور اے لیول کے امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبا کے اعزاز میں ایک پروقار ہائی ایچیورز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس پروقار تقریب میں چیئرمین انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن غلام علی ملاح اور پاکستان میں ترکیہ کے سفارت خانے کے تعلیمی کونسلر ڈاکٹر مہمت تویران نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی
تقریب میں سکول نارتھ ریجن کے حکام، کیپیٹل کیمپس کی سینئر لیڈرشپ ٹیم، اساتذہ اور طلبا کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے سکول کیپیٹل کیمپس کی پرنسپل، ڈاکٹر سیدہ کنیز بانو نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے طلبا کی شاندار تعلیمی کامیابیوں اور محنت کو سراہتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران ان طلبا کو اعزازات اور اسناد سے نوازا گیا جنہوں نے اپنی سخت محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے کیمبرج امتحانات میں نمایاں پوزیشنز اور شاندار نتائج حاصل کیے۔ اس موقع پر اساتذہ کی ان تھک محنت اور بہترین رہنمائی کا بھی اعتراف کیا گیا، جن کی بدولت طلبا اس مقام تک پہنچے۔یہ تقریب طلبا کی انتھک محنت، بہترین تعلیمی معیار اور مسلسل کامیابی کے عزم کا ایک شاندار مظاہرہ ثابت ہوئی۔
