راج پال یادیو کی مشکلات میں اضافہ: 2 کروڑ کی عدم ادائیگی پر بھارتی سپریم کورٹ کی شدید برہمی
نئی دہلی:
بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور کامیڈین راج پال یادیو مالیاتی تنازع میں مزید مشکلات کا شکار ہو گئے۔ چیک باؤنس کیس میں طے شدہ رقم جمع نہ کروانے پر بھارتی سپریم کورٹ نے اداکار پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
عدالتی تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے راج پال یادیو کو 2 کروڑ بھارتی روپے جمع کرانے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت دی تھی، تاہم مقررہ مدت ختم ہونے کے باوجود رقم جمع نہیں کرائی گئی۔
سماعت کے دوران جب اداکار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شکایت کنندہ مالی طور پر غریب نہیں ہے، تو جسٹس جوئے مالیا باگچی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تجزیہ دیے کہ “آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ کب اور کیا بولنا ہے، آپ کی جگہ جیل میں ہے۔”
عدالت عالیہ نے راج پال یادیو کو رقم جمع کرانے کے لیے منگل تک کی آخری مہلت دیتے ہوئے حکم کی تعمیل کا پابند کیا ہے۔
کیس کا پس منظر
یہ معاملہ سال 2010 کا ہے جب اداکار نے اپنی ایک فلم کی تیاری کے لیے 5 کروڑ بھارتی روپے کا مالیاتی معاہدہ کیا تھا۔ بعد ازاں ادائیگی کے لیے دیے گئے چیکس باؤنس ہو گئے، جس کے بعد سے یہ قانونی تنازع بھارتی عدالتوں میں زیرِ سماعت ہے۔
