امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے سر پر ٹوائلٹ پیپر رولز متوازن رکھنے کا اپنا ہی گینیز ورلڈ ریکارڈ ایک مرتبہ پھر توڑ دیا۔
ڈیوڈ رش نے اس منفرد چیلنج کا آغاز 2021 میں کیا تھا، جب انہوں نے اپنے سر پر بیک وقت 101 ٹوائلٹ پیپر رولز متوازن رکھنے میں کامیابی حاصل کی۔ بعد ازاں یہ ریکارڈ ان کے ہاتھ سے نکل گیا، تاہم انہوں نے دوبارہ کوشش جاری رکھی۔
مئی 2025 میں ڈیوڈ رش نے 195 ٹوائلٹ رولز سر پر رکھ کر یہ اعزاز دوبارہ حاصل کرلیا۔ چند ماہ بعد انہوں نے اپنی ہی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا اور اکتوبر 2025 میں ایک بار پھر ریکارڈ قائم کردیا۔
254 ٹوائلٹ رولز سر پر رکھنے کا کارنامہ
ڈیوڈ رش نے تازہ کوشش میں 254 ٹوائلٹ پیپر رولز اپنے سر پر متوازن رکھ کر نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔ اس مشکل کام کے لیے خصوصی ڈیوائیڈرز استعمال کیے گئے، جبکہ متعدد افراد نے رولز کے ڈھانچے کو اوپر اٹھانے اور ترتیب دینے میں ان کی مدد کی۔
رش کے لیے پہلی کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔ رولز کا توازن بگڑنے کے باعث سیکڑوں ٹوائلٹ پیپر رولز لکڑی کے فرش پر گر گئے، تاہم انہوں نے ناکامی کے باوجود دوبارہ کوشش کرنے کا فیصلہ کیا۔
دوسری کوشش میں ڈیوڈ رش نے مطلوبہ توازن برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل کی اور 254 رولز سر پر رکھنے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
ڈیوڈ رش کا شمار دنیا میں منفرد اور غیر معمولی کارنامے انجام دینے والے ریکارڈ ہولڈرز میں ہوتا ہے۔ وہ اب تک 200 سے زائد گینیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کرچکے ہیں۔
