چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ ججز انصاف کی فراہمی میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں اور انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا رہتا ہے۔
عالمی یومِ عدالتی فلاح و بہبود کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف جسٹس نے کہا کہ ایک مؤثر اور مضبوط نظامِ انصاف صرف قوانین اور عدالتی ڈھانچے سے ہی قائم نہیں ہوتا بلکہ اس کے لیے ججز کی پیشہ ورانہ اور ادارہ جاتی فلاح بھی ضروری ہے۔ ان کے مطابق عدالتی فلاح و بہبود انصاف کی غیرجانبداری، عدلیہ کی خودمختاری اور عوام کے اعتماد کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیاری اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے ججز کو جدید سہولیات، مؤثر انتظامی معاونت، پیشہ ورانہ تربیت اور بہتر عدالتی ماحول کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ میں جاری اصلاحاتی اقدامات کے تحت ان تمام شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عدالتی نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ادارہ جاتی معاونت اور مسلسل قانونی و عدالتی تربیت اصلاحاتی پروگرام کے اہم ستون ہیں۔ ان کے بقول ججز کو بہتر سہولیات فراہم کرنے سے انصاف کی فراہمی کا پورا نظام مزید مضبوط اور مؤثر ہوتا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر چیف جسٹس پاکستان نے ملک بھر کے ججز کی دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوام کو انصاف فراہم کرنے کے عزم کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
