91 سال کی عمر میں پہلی بار دادا بننے کا عالمی ریکارڈ قائم
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق چارلس سمتھ اس وقت 91 سال اور 209 دن کے تھے جب ان کی پوتی کی پیدائش ہوئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ان کے بیٹے ایشلے سمتھ پیدا ہوئے تھے تو اس وقت چارلس سمتھ کی عمر 55 سال تھی۔
چارلس سمتھ نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے پہلی بار اپنی پوتی کو گود میں اٹھایا تو ان کا دل نہیں چاہا کہ اسے نیچے رکھیں۔
ان کے بیٹے ایشلے سمتھ کا کہنا تھا کہ ان کے والد نہ صرف ایک ریکارڈ ہولڈر ہیں بلکہ ایک متاثر کن شخصیت بھی ہیں۔ ان کے مطابق چارلس سمتھ کی سب سے نمایاں خوبی ان کی خودمختاری اور زندگی سے بھرپور انداز ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے والد ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ایک متحرک زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ اپنی کیمپر وین میں پورے آسٹریلیا کا سفر کرتے ہیں اور مورٹن بے میں کشتی رانی سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔