پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹ اتحاد کا سخت ردعمل، ملک گیر ہڑتال کا عندیہ
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات، بالخصوص ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومتی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی گئی تو ملک گیر ہڑتال کی کال دی جا سکتی ہے۔
الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید دباؤ کا شکار ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال پر ملک بھر کی ٹرانسپورٹ تنظیموں سے مشاورت جاری ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاجی تحریک سمیت ملک گیر ہڑتال جیسے آپشنز پر غور کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث مال بردار گاڑیاں چلانا معاشی طور پر مشکل ہوتا جا رہا ہے، جس سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور دیگر مالی بوجھ میں کمی کی جائے، جبکہ موٹرویز اور ٹریفک سے متعلق جرمانوں میں بھی مناسب ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو سہارا مل سکے۔
انہوں نے چیمبرز آف کامرس، تجارتی تنظیموں اور متعلقہ اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
صدر الائنس کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات اور خطے کی غیر یقینی صورتحال نے پہلے ہی ٹرانسپورٹ کے کاروبار کو متاثر کیا ہے، اس لیے حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہییں جو شعبے کو مزید مشکلات میں دھکیلنے کے بجائے اسے استحکام فراہم کریں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ماضی میں ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے حکومتی وعدوں پر عملی پیش رفت کی جائے۔
