ہالی ووڈ: مشہور فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ کے مداحوں کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، کیونکہ معروف اداکار جانی ڈیپ نے ایک بار پھر کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار ادا کرنے کے امکان کو رد نہیں کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جانی ڈیپ نے حالیہ انٹرویو میں عندیہ دیا ہے کہ اگر فلم کی کہانی معیاری ہوئی اور اسے ایسا اختتام دیا گیا جس سے وہ مطمئن ہوں تو وہ اس مقبول کردار میں دوبارہ نظر آنے پر غور کرسکتے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ فلم سیریز کا اختتام یادگار اور شائقین کی توقعات کے مطابق ہو۔ ان کے تازہ بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ مناسب کہانی اور تخلیقی منصوبہ بندی کی صورت میں وہ ایک مرتبہ پھر کیپٹن جیک اسپیرو کا روپ دھارنے کے لیے تیار ہوسکتے ہیں۔
جانی ڈیپ نے فلم کے معروف پروڈیوسر جیری بروکھائمر کے ساتھ دوبارہ کام کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ دونوں کے درمیان اس فلمی منصوبے کے حوالے سے ممکنہ تعاون کو مداحوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پروڈیوسر جیری بروکھائمر بھی اس حوالے سے تصدیق کرچکے ہیں کہ جانی ڈیپ کے ساتھ بات چیت جاری ہے، جبکہ فلم کے نئے اسکرپٹ پر کام کیا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اداکار کی واپسی سے متعلق معاملات کس مرحلے میں ہیں۔
فلم کی نئی قسط کے حوالے سے فی الحال کاسٹ، پروڈکشن شیڈول اور ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ اس لیے جانی ڈیپ کی واپسی کو فی الحال ایک ممکنہ پیش رفت ہی قرار دیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ جانی ڈیپ کی سابق اہلیہ ایمبر ہرڈ کے ساتھ قانونی تنازع کے بعد ان کے ہالی ووڈ کی اس مشہور فلم سیریز میں مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ ماضی میں اداکار اس کردار میں دوبارہ کام کرنے سے انکار بھی کرچکے تھے۔
تاہم ان کے حالیہ بیان نے ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں فلم کے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار جانی ڈیپ کی پہچان بن چکا ہے اور شائقین طویل عرصے سے انہیں اس کردار میں دوبارہ دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔
اب سب کی نظریں فلم کے اسکرپٹ اور پروڈکشن سے متعلق آئندہ اعلانات پر ہیں، جن سے یہ واضح ہوسکے گا کہ کیا جانی ڈیپ واقعی ایک بار پھر سمندری مہم جوئی کی اس مقبول دنیا میں واپسی کریں گے۔
