ٹھٹہ پولیس کی بڑی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کا گٹکا مٹیریل برآمد، ایک ملزم گرفتار.
ٹھٹہ میں گٹکا اور منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے ایک بڑی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا گٹکا مٹیریل برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ گھارو انسپکٹر شہزاد الیاس نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر نیشنل ہائی وے پر ماندو ہوٹل کے قریب کارروائی کی، جہاں 22 وہیلر ڈمپر نمبر TMN-276 میں گٹکا مٹیریل سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے کر ملزم فاروق ولد محمد انور پٹھان، رہائشی حب چوکی بلوچستان کو گرفتار کر لیا۔ تلاشی کے دوران ڈمپر سے 6 ہزار 750 کلو گرام گٹکا مٹیریل، ایک ہزار پڑیاں گٹکا ماوا، ایک آئی فون، 4 ہزار روپے نقد رقم اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق برآمد شدہ گٹکا مٹیریل کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ گھارو میں گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی ٹھٹہ نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں گٹکا، منشیات اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی