ملک بھر کے موسم کی تازہ صورتحال
بحیرۂ عرب اور خلیجِ بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں شمالی علاقوں میں اثر انداز ہو رہی ہیں، جبکہ آج رات سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی ملک کےاونچے اور وسطی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کی زور میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
پیر کی پیش گوئی
خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب سمیت گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔
منگل کی پیش گوئی
منگل کے روز بھی خیبرپختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب اور گلگت بلتستان میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ بعض مقامات پر تیز بارش اور آندھی چل سکتی ہے، جبکہ جنوبی علاقوں میں گرمی اور نمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کا جائزہ
گزشتہ ایک روز کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، خطۂ پوٹھوہار اور استور میں مختلف مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملک کے دیگر بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
بارش کے نمایاں اعداد و شمار کے مطابق مری میں 105 ملی میٹر، کاکول میں 93، بالاکوٹ میں 87، کوٹلی میں 61، مالم جبہ میں 41، اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 16 سے 28، مظفرآباد میں 15 سے 19 اور استور میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت
گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین، سبی اور نوکنڈی میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ چلاس میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
