محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب سے آنے والی نم آلود ہوائیں ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں، جبکہ شمالی حصوں پر مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ بھی موجود ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں موسم میں تبدیلی کا امکان ہے۔
جمعرات کی پیش گوئی
زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور حبس برقرار رہنے کی توقع ہے۔ تاہم شام اور رات کے اوقات میں کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور شمالی و مشرقی بلوچستان کے چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ہے۔
جمعہ کی پیش گوئی
جمعہ کو بھی ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار رہ سکتی ہے۔ البتہ شام یا رات کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، شمالی و مشرقی بلوچستان اور قریبی پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں آندھی، گرج چمک اور بارش متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کی موسمی رپورٹ
گزشتہ ایک روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے مختلف مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 63 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جن میں نشتر ٹاؤن 28 ملی میٹر، کاہنہ 16 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن 5 ملی میٹر، سمن آباد 4 ملی میٹر جبکہ پانی والا تالاب، سگیاں، اپر مال، فرخ آباد اور گلشنِ راوی میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ قصور 8 ملی میٹر، خانیوال 7 ملی میٹر، اوکاڑہ 4 ملی میٹر اور اٹک میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔
خیبرپختونخوا میں کاکول 8 ملی میٹر، مالم جبہ 3 ملی میٹر جبکہ دیر اور پاراچنار میں 2، 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان کے ژوب اور خضدار میں بھی 5، 5 ملی میٹر بارش نوٹ کی گئی۔
دوسری جانب گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ سبی اور دالبندین میں 45 ڈگری، دادو میں 43 ڈگری اور بھکر میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
