معرکہ حق کے حوالے سے 8، 9 اور 10 مئی کو تقریبات کا اعلان
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ 8 اور 9 مئی کو لبرٹی گول چکر پر ایک بڑا کنسرٹ منعقد کیا جائے گا، جہاں قومی ترانے پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 10 مئی کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ایک شاندار تقریب میں شرکت کریں گی، اور اس موقع پر وزراء اور ایوان کے جذبات وہی ہیں جو پوری قوم کے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق یہ ایک سال کامیابیوں کا سال رہا ہے، اور 10 مئی کو چند گھنٹوں میں حاصل ہونے والی کامیابی کو غیر معمولی قرار دیا جا سکتا ہے، جہاں ایک بڑی فوج کو مؤثر جواب دیا گیا، جو دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگیں صرف اسلحے سے نہیں بلکہ جذبے سے جیتی جاتی ہیں، اور پاکستان کی مسلح افواج کے پاس وطن کے دفاع کا جو جذبہ ہے وہ بے مثال ہے۔
آخر میں انہوں نے شہداء کو اپنی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو باقاعدہ ایک جشن کے طور پر منایا جائے گا۔