ماہ نور صفدر کے نکاح پر شاہانہ عروسی انداز، قیمتی جیولری نے سب کی توجہ حاصل کرلی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد ان کا عروسی انداز سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ تقریب کی تصاویر میں ان کے لباس، زیورات، میک اپ اور مجموعی انداز کو صارفین کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔

ماہ نور صفدر نے اپنے نکاح کے خاص موقع پر روایتی برائیڈل انداز کو سادگی اور نفاست کے ساتھ اپنایا۔ انہوں نے گہرے یا شوخ رنگوں کے بجائے ہلکے آئیوری رنگ کے عروسی لباس کا انتخاب کیا، جبکہ قیمتی ڈائمنڈ جیولری نے ان کے مجموعی لُک کو مزید نمایاں کردیا۔

نکاح کی تقریب کے لیے ماہ نور صفدر نے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر ندا اظہر کا تیار کردہ آئیوری رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا۔ لباس کے ڈیزائن میں کلاسک انداز کو مدنظر رکھا گیا، جس کے باعث دلہن کا حلیہ ایک طرف روایتی جبکہ دوسری جانب جدید اور نفیس دکھائی دیا۔

ماہ نور صفدر کے برائیڈل لُک کی خاص بات لباس کے رنگ کا انتخاب بھی تھا۔ انہوں نے بھاری اور شوخ رنگوں کے بجائے ہلکے آئیوری شیڈ کو ترجیح دی، جو نکاح کی نسبتاً نجی اور سادہ تقریب کے ماحول سے بھی ہم آہنگ نظر آیا۔ اس انتخاب نے ان کے مجموعی انداز میں سادگی اور وقار کو نمایاں کیا۔

دلہن کے میک اپ کی ذمہ داری لاہور سے تعلق رکھنے والی میک اپ آرٹسٹ سحرش نے انجام دی۔ ماہ نور صفدر کے لیے بہت زیادہ بھاری میک اپ کے بجائے نرم اور قدرتی انداز اختیار کیا گیا۔ ہلکے میک اپ کے ساتھ ان کے چہرے کی قدرتی خوبصورتی کو نمایاں رکھا گیا، جبکہ بالوں کو کھلا چھوڑا گیا جس سے مجموعی لُک مزید دلکش دکھائی دیا۔

لباس کے ساتھ ماہ نور صفدر نے ڈائمنڈ جیولری کا انتخاب کیا، جو ان کے عروسی حلیے کا سب سے نمایاں حصہ رہی۔ قیمتی زیورات نے آئیوری لباس کے ساتھ خوبصورت امتزاج پیدا کیا اور ان کے برائیڈل لُک کو مزید شاہانہ بنا دیا۔

رپورٹس کے مطابق ماہ نور صفدر نے نکاح کے موقع پر معروف عالمی جیولری برانڈ مواود کا انتہائی قیمتی نیکلس پہن رکھا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نیکلس کی مالیت تقریباً 15 ملین امریکی ڈالر یعنی پاکستانی کرنسی میں تقریباً 4.2 ارب روپے بنتی ہے۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس نیکلس میں 62.34 قیراط کا فینسی انٹینس ییلو ڈائمنڈ نصب ہے، جبکہ مرکزی ہیرے کے گرد سفید ہیرے بھی جڑے ہوئے ہیں، جنہوں نے زیور کی خوبصورتی اور قیمت میں مزید اضافہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ماہ نور صفدر کی جانب سے پہنا جانے والا مکمل جیولری سیٹ صرف نیکلس تک محدود نہیں تھا بلکہ اس میں بریسلٹ، انگوٹھی اور ڈراپ ایئررنگز بھی شامل تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ پورے جیولری سیٹ کی مجموعی تخمینی مالیت تقریباً 42 ملین امریکی ڈالر، یعنی پاکستانی روپے میں لگ بھگ 11.8 ارب روپے بنتی ہے۔

ماہ نور صفدر کے نکاح کا عروسی لُک سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کے لباس اور جیولری کے انتخاب پر مختلف تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔ خاص طور پر قیمتی ڈائمنڈ نیکلس کی تفصیلات نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ ماہ نور صفدر کا نکاح صنعتکار جبار خالد کے صاحبزادے اذان جبار کے ساتھ ہوا۔ اذان جبار نے ایس او اے ایس یونیورسٹی آف لندن سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی، جبکہ ماہ نور صفدر نے بھی حال ہی میں اسی یونیورسٹی سے اپنی گریجویشن مکمل کی ہے۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *