امریکا کی ریاست نیویارک میں ایک سرکس کی خطرناک پرفارمنس کے دوران پیش آنے والے حادثے میں خاتون فنکار کی جانب سے چلایا گیا تیر اپنے ہی شوہر کو جا لگا، تاہم خوش قسمتی سے وہ جان لیوا زخمی ہونے سے محفوظ رہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اورنج کاؤنٹی فیئر کے دوران پیش آیا، جہاں شوہر اور بیوی اپنے مشہور کراس بو شو کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ کرتب کے دوران خاتون نے ہدف کی جانب تیر چلایا، لیکن وہ مقررہ نشانے کے بجائے اس کے شوہر کی گردن میں جا لگا، جو اس وقت حفاظتی ہدف تھامے کھڑے تھے۔

حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیموں نے زخمی فنکار کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ واقعے کے پیش نظر سرکس انتظامیہ نے اسی روز باقی تمام پرفارمنسز منسوخ کر دیں۔

سرکس کے منتظمین کے مطابق تیر گردن کے ایسے حصے میں لگا جہاں کسی اہم شریان یا حساس عضو کو نقصان نہیں پہنچا، جس کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے کے باوجود خون بہت کم بہا اور فوری طبی امداد نے صورتحال کو قابو میں رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

مقامی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ جان بوجھ کر نہیں بلکہ پرفارمنس کے دوران پیش آنے والا ایک حادثاتی واقعہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *