سابق سفیر ایاز وزیر کی بیٹی ٹریفک حادثے میں جاں بحق
ریسکیو حکام کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پریڈ گراؤنڈ میٹرو اسٹیشن کے نزدیک ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث ایک گاڑی قابو سے باہر ہو کر فٹ پاتھ پر جا چڑھی۔
اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت خاتون مبینہ طور پر موبائل فون استعمال کر رہی تھیں۔ شدید تصادم کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں۔ بعد ازاں متوفیہ کی شناخت سابق سفیر ایاز وزیر کی صاحبزادی ریان وزیر کے نام سے ہوئی۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر لاش کو پمز اسپتال منتقل کیا، جہاں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجوہات میں تیز رفتاری اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال شامل ہیں، جبکہ اسلام آباد میں اس نوعیت کے حادثات میں مسلسل اضافہ بھی تشویش کا باعث بن رہا ہے۔