پشاور: پولیس کی بروقت کارروائی، مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک
پشاور کے نواحی علاقے ریگی ماڈل ٹاؤن اور جمرود سے ملحقہ حدود میں رات گئے پولیس اور مسلح دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق پولیس کو مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس پر اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس کا پولیس نے مؤثر انداز میں جواب دیا۔
فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے پورے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں اور سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
سی سی پی او نے کہا کہ پشاور پولیس امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
