انٹرنشنل نیوز

دو ماہ بعد ایران کی اہم کامیابی، 48 لاکھ بیرل خام تیل سے بھرے ٹینکر امریکی پابندیوں کی ناکہ بندی عبور کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی خام تیل کی ترسیل کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تیل کی نقل و حمل پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ٹینکر ٹریکرز نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ ایرانی آئل ٹینکرز امریکی بحری نگرانی والے علاقے سے گزرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق ٹینکر ٹریکرز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ایران کی بڑی خام تیل برآمدات میں سے ایک سمجھی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایرانیئن ٹینکر کمپنی کے دو بڑے وی ایل سی سی جہاز، ڈیونا اور ہیرو 2، مبینہ طور پر امریکی بحری نگرانی کے زون کو عبور کرتے ہوئے خلیجی خطے سے باہر نکل گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ان دونوں جہازوں کے ذریعے مجموعی طور پر تقریباً 38 لاکھ بیرل خام تیل منتقل کیا گیا۔ یہ معلومات سیٹلائٹ ڈیٹا اور شپنگ ٹریکنگ سسٹمز کی مدد سے حاصل کی گئی ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بعد ازاں اسی کمپنی کا ایک اور ٹینکر بھی اسی راستے سے گزرا، جس میں تقریباً 10 لاکھ بیرل تیل موجود تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ رپورٹس درست ثابت ہوتی ہیں تو یہ ایران کی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوگی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی کے باعث تیل کی ترسیل متاثر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے