دلچسپ و عجیب

خلا میں لڑکھڑاتا مونگ پھلی کی شکل کا سیارچہ

سائنس دانوں نے نظامِ شمسی میں ایک نہایت منفرد اور غیر معمولی سیارچے کا مشاہدہ کیا ہے جو مونگ پھلی جیسی شکل رکھتا ہے اور خلا میں حرکت کے دوران غیر متوازن انداز میں جھٹکے لیتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

محققین کے مطابق اس سیارچے، جسے ڈونلڈ جوہانسن کہا جاتا ہے، کی گردش عام اجسام کی طرح ایک ہی محور تک محدود نہیں بلکہ یہ دو مختلف محوروں کے گرد گھومتا ہے۔ اسی غیر معمولی گھومنے کے باعث اس کی حرکت کسی ہچکولے کھاتی ہوئی شے جیسی محسوس ہوتی ہے۔

یہ اہم مشاہدہ ناسا کے لوسی اسپیس مشن کے دوران سامنے آیا، جب خلائی جہاز نے 20 اپریل 2025 کو اس سیارچے کے قریب سے گزر کر اس کی تصاویر حاصل کیں۔

لوسی مشن بنیادی طور پر مشتری کے ٹروجن سیارچوں کے مطالعے کے لیے بھیجا گیا تھا، جبکہ اس مخصوص سیارچے کا قریب سے مشاہدہ مشن کی تکنیکی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے ایک اضافی موقع تھا۔

زمین سے کی گئی ابتدائی فلکیاتی مشاہدات میں پہلے ہی یہ اشارہ مل چکا تھا کہ اس کی ساخت غیر معمولی حد تک لمبی ہو سکتی ہے، تاہم لوسی کی ہائی ریزولوشن تصاویر نے اس کی اصل شکل واضح کر دی۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ تقریباً آدھے میل کے قریب قطر رکھنے والا یہ چھوٹا جسم دو بڑے حصوں پر مشتمل ہے جو ایک تنگ حصے کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں، اسی وجہ سے اسے دو لابز پر مشتمل سیارچہ بھی کہا جاتا ہے۔

تحقیقی ٹیم کے مطابق اس کی پیچیدہ گردش اور انوکھی ساخت کا مزید مطالعہ نظامِ شمسی کی ابتدائی تشکیل اور سیارچوں کے ارتقا کو سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے