خامنہ ای کی تدفین کے پیشِ نظر ایران کو ایک ہفتہ دیا، ٹرمپ کا بیان
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا خواہاں ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق جنوبی ڈکوٹا میں امریکا کے قیام کے 250 سال مکمل ہونے کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ مجوزہ بات چیت کو عارضی طور پر مؤخر کیا تاکہ ایران میں سابق سپریم لیڈر کی آخری رسومات مکمل ہو سکیں۔
اپنی تقریر میں صدر ٹرمپ نے امریکا کی عسکری طاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے اپنی تاریخ میں بڑے عالمی چیلنجز کا سامنا کیا، دو عالمی جنگوں میں کامیابی حاصل کی اور اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مسلسل مضبوط بنایا۔
انہوں نے وینزویلا اور ایران سے متعلق بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکا نے دونوں معاملات میں اپنی برتری ثابت کی ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران موجودہ حالات کے بعد استحکام اور بحالی کی جانب واپس آنا چاہتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر امریکا کی قومی سلامتی یا مفادات کو کسی بھی جانب سے خطرہ لاحق ہوا تو واشنگٹن بھرپور ردِعمل دے گا اور اپنے دفاع اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھائے گا۔