حسن علی اور سامعہ خان کی علیحدگی کی افواہیں، اہلیہ نے نئی پوسٹ سے قیاس آرائیاں مسترد کردیں
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی اور ان کی اہلیہ سامعہ خان کے درمیان مبینہ اختلافات سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری چہ مگوئیوں کو سامعہ خان نے اپنی تازہ پوسٹ کے ذریعے بظاہر ختم کردیا۔
سامعہ خان نے پہلے شیئر کی گئی متنازع انسٹاگرام اسٹوری ہٹانے کے بعد حسن علی کے ساتھ ایک نئی تصویر پوسٹ کی۔ تصویر میں دونوں ایک ساتھ ڈنر کرتے ہوئے خوشگوار انداز میں دکھائی دے رہے ہیں، جس سے مداحوں کی جانب سے سامنے آنے والی مختلف قیاس آرائیوں کو تقویت نہیں ملتی۔
اپنی نئی پوسٹ کے ساتھ سامعہ خان نے افواہیں پھیلانے والے سوشل میڈیا صارفین کو بھی پیغام دیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’خاموش ہو جائیں اور اپنے ویوز کے لیے کوئی اور موضوع تلاش کریں۔‘‘
سامعہ خان کی جانب سے یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ان کی ایک سابقہ انسٹاگرام اسٹوری نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی تھی۔ اس اسٹوری کے بعد حسن علی کی مبینہ بے وفائی اور میاں بیوی کے درمیان اختلافات سے متعلق مختلف تبصرے اور قیاس آرائیاں سامنے آنے لگی تھیں۔
اپنی گزشتہ اسٹوری میں سامعہ نے ان خواتین کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جو شادی شدہ اور بچوں کے والد مردوں کے ساتھ تعلقات قائم کرتی ہیں۔ تاہم، سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بیان کو حسن علی کے ساتھ ان کے ذاتی تعلق سے جوڑتے ہوئے مختلف اندازے قائم کرنا شروع کردیے تھے۔
اب حسن علی کے ساتھ خوشگوار انداز میں تصویر شیئر کرنے کے بعد سامعہ خان نے بظاہر واضح کردیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی علیحدگی سے متعلق قیاس آرائیوں کو حقیقت نہ سمجھا جائے۔
