دلچسپ و عجیب

جاپان میں دھوکا دہی کے خلاف ورچوئل پولیس افسر کی خدمات شروع

ٹوکیو: جاپان نے آن لائن فراڈ اور سائبر دھوکا دہی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے نمٹنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک ورچوئل پولیس افسر "اے آئی کو (AIKO)” متعارف کرا دی ہے، جس کا مقصد شہریوں میں ڈیجیٹل جرائم سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔

اوساکا پریفیکچرل پولیس کی تیار کردہ یہ ڈیجیٹل کردار یوٹیوب سمیت مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر نوجوان خاتون کی شکل اور آواز میں عوام کو فراڈ سے بچاؤ کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے۔ اے آئی کو لوگوں کو خبردار کرتی ہے کہ اگر کوئی ویڈیو کال کے ذریعے خود کو پولیس افسر ظاہر کرے تو اس کی شناخت کی تصدیق ضرور کریں، کیونکہ ایسے حربے فراڈ میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق اس منصوبے کا آغاز ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب جاپان میں سرمایہ کاری، جعلی رومانوی تعلقات، فرضی پولیس اہلکاروں اور مشہور شخصیات کے نام پر ہونے والی دھوکا دہی کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے شہریوں کو گزشتہ برس اربوں ڈالر کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

"اے آئی کو” کے نام میں AI سے مراد مصنوعی ذہانت ہے، جبکہ "کو” جاپانی زبان میں خواتین کے ناموں کے آخر میں استعمال ہونے والا ایک عام جزو ہے۔

یہ ورچوئل پولیس افسر حقیقی فراڈ کیسز سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر تیار کی گئی مثالوں کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کرتی ہے کہ سائبر مجرم کن طریقوں سے اعتماد حاصل کرتے ہیں، فراڈ کی عام علامات کیا ہوتی ہیں، اور مشتبہ رابطوں کی صورت میں کس طرح محتاط رہنا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے