بیلا حدید کی صحت سے متعلق اہم انکشافات، متعدد بیماریوں کا سامنا کرنے کا اعتراف
معروف امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے اپنی صحت کے حوالے سے ایسے انکشافات کیے ہیں جنہوں نے ان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ لائم ڈیزیز کے ساتھ کئی دیگر طبی مسائل سے بھی دوچار ہیں، جن کے باعث انہیں معمولات زندگی اور پیشہ ورانہ سرگرمیاں جاری رکھنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
بیلا حدید نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی بیماریوں سے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پوسچرل آرتھوسٹیٹک ٹیکی کارڈیا سنڈروم (POTS)، پری مینسٹرول ڈسفورک ڈس آرڈر (PMDD) اور اینڈومیٹریوسس جیسے طبی مسائل کا سامنا کر رہی ہیں۔
ان بیماریوں کی نوعیت مختلف ہے۔ پوسچرل آرتھوسٹیٹک ٹیکی کارڈیا سنڈروم میں بیٹھنے یا لیٹنے کی حالت سے کھڑے ہونے پر دل کی دھڑکن غیر معمولی طور پر تیز ہو سکتی ہے، جبکہ پری مینسٹرول ڈسفورک ڈس آرڈر ماہواری سے قبل شدید جسمانی اور جذباتی علامات کا سبب بنتا ہے۔ دوسری جانب اینڈومیٹریوسس ایک ایسی بیماری ہے جس میں رحم کی اندرونی تہہ سے مشابہ بافتیں رحم سے باہر نشوونما پاتی ہیں اور شدید درد سمیت دیگر پیچیدگیاں پیدا کر سکتی ہیں۔
ماڈل نے اپنی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے ایک واقعہ بھی شیئر کیا، جب فیشن شو میں ریمپ پر واک کرنے سے کچھ دیر پہلے ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ ان کے مطابق اس دوران انہیں سانس لینے میں شدید دشواری پیش آئی، جس نے انہیں پریشان کر دیا۔
بیلا حدید کا کہنا ہے کہ مسلسل طبی مسائل کے باعث ان کے اعتماد اور روزمرہ زندگی پر بھی اثر پڑتا ہے۔ تاہم وہ اب اپنی صحت اور جسمانی صلاحیت کو ترجیح دیتے ہوئے پیشہ ورانہ مصروفیات کے حوالے سے فیصلے کرتی ہیں۔
فیشن انڈسٹری میں اپنی نمایاں شناخت رکھنے والی بیلا حدید کے ان انکشافات نے ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ بظاہر کامیاب اور پُرکشش نظر آنے والی شخصیات بھی صحت کے ایسے مسائل سے گزر سکتی ہیں جن کا عام طور پر لوگوں کو اندازہ نہیں ہوتا۔
