ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری
اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے نظام کو بہتر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے 25 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔
اے ڈی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس مالی معاونت کا مقصد ایسے ترقیاتی منصوبوں کی تیاری اور تکمیل میں مدد فراہم کرنا ہے جو معاشی طور پر قابل عمل ہونے کے ساتھ طویل المدتی بنیادوں پر پائیدار بھی ہوں۔
قرض کے ذریعے حکومت پاکستان کو معیاری اور کم لاگت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو سرمایہ کاری کے لیے تیار کرنے، ان کی جانچ پڑتال کے نظام کو مؤثر بنانے اور مالیاتی خطرات پر قابو پانے میں معاونت فراہم کی جائے گی۔
پاکستان میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اہم اقدام
پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین کا کہنا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کی کامیابی کے لیے جامع جانچ پڑتال، شفاف معلومات اور مالیاتی خطرات کا مناسب انتظام بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
ان کے مطابق ان اقدامات کے ذریعے پاکستان میں پی پی پی منصوبوں کو پائیدار بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔
ایما فین نے مزید کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں عوامی سرمایہ کاری کے نظام، مالیاتی انتظام اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو مضبوط بنانے کے لیے اے ڈی بی کی معاونت کا حصہ ہے۔ اس کے ذریعے نجی شعبے کو ترقیاتی منصوبوں میں زیادہ سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
پی پی پی پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع
اے ڈی بی کا پروموٹنگ سسٹین ایبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس پروگرام دراصل 2024 میں منظور کیے گئے پہلے مرحلے کا تسلسل ہے۔ پہلے مرحلے میں پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے قانونی اور پالیسی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے تھے۔
پروگرام کے دوسرے مرحلے میں وفاقی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری سے متعلق معاملات کو مربوط بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس منصوبے کے تحت چار وفاقی وزارتوں اور متعلقہ اداروں میں خصوصی پی پی پی یونٹس قائم کرنے میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ پی پی پی منصوبوں سے پیدا ہونے والی مالیاتی ذمہ داریوں کی نگرانی اور ان سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لیے قومی سطح کا فریم ورک بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
2026 سے 2030 تک کے ترقیاتی منصوبوں کی فہرست منظور
ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے حکومت پاکستان نے 2026 سے 2030 کے عرصے کے لیے درمیانی مدت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی فہرست بھی منظور کر لی ہے۔
اس سلسلے میں نیشنل پی پی پی اینڈ انویسٹمنٹ نالج ہب قائم کیا جا رہا ہے، جو وفاقی اداروں کو تربیت، تکنیکی معلومات اور ضروری وسائل فراہم کرے گا۔ صوبائی حکومتیں بھی اس پلیٹ فارم کے ذریعے دستیاب علمی مواد اور تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔
پروگرام میں ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی، خریداری کے شفاف طریقہ کار اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔
تکنیکی معاونت کے لیے مزید 20 لاکھ 50 ہزار ڈالر مختص
قرض کے علاوہ پروگرام کے تحت تکنیکی معاونت کے لیے بھی مالی وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اے ڈی بی کے ٹیکنیکل اسسٹنس اسپیشل فنڈ سے 11 لاکھ ڈالر جبکہ ایشیا پیسیفک پراجیکٹ پریپریشن فیسلٹی سے 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
اس رقم کے ذریعے وفاقی اداروں میں پی پی پی منصوبوں کی تیاری اور انتظامی صلاحیت بہتر بنانے، متعلقہ ماہرین کی پیشہ ورانہ تربیت و سرٹیفکیشن، تجربات کے تبادلے اور مالیاتی خطرات کا جائزہ لینے کے جدید طریقہ کار کی تیاری میں مدد دی جا رہی ہے۔
اے ڈی بی کی یہ معاونت پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے نجی سرمایہ کاری کے امکانات بڑھانے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے کردار کو وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
