کاکروچ کے لیے ڈائیونگ سُوٹ تیار
سنگاپور کے محققین نے ایک ایسا جدید ڈائیونگ سوٹ تیار کیا ہے جو مڈغاسکر ہسنگ کاکروچ کو کئی گھنٹوں تک پانی کے اندر متحرک رہنے میں مدد دیتا ہے۔
یہ تحقیق نان یانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کے اسکول آف مکینیکل اینڈ ایرو اسپیس انجینئرنگ کے پروفیسر ہیروتاکا ساتو اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔ اس سے قبل بھی یہ ٹیم ایسے بایو ہائبرڈ کاکروچز پر کام کر چکی ہے جنہیں الیکٹروڈز کے ذریعے دور سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے، تاکہ انہیں قدرتی آفات کے بعد ملبے تلے پھنسے افراد کی تلاش جیسے مشکل مشنز میں استعمال کیا جا سکے۔
محققین کے مطابق ان تجرباتی کاکروچز کی سب سے بڑی رکاوٹ پانی تھا، کیونکہ وہ طویل وقت تک زیرِ آب فعال نہیں رہ سکتے تھے۔ اسی مسئلے کے حل کے لیے تھری ڈی پرنٹنگ کی مدد سے ایک ہلکا اور خصوصی ڈائیونگ سوٹ تیار کیا گیا۔
یہ سوٹ روایتی آکسیجن ٹینک استعمال کرنے کے بجائے ایک کیمیائی عمل کے ذریعے آکسیجن پیدا کرتا ہے۔ ہائیڈروجن پر آکسائیڈ اور مینگنیز ڈائی آکسائیڈ کے امتزاج سے بننے والی آکسیجن کاکروچ کے تنفسی سوراخوں تک پہنچتی ہے، جس سے وہ پانی کے اندر سانس لینے کے قابل رہتا ہے۔
تحقیقی ٹیم کا کہنا ہے کہ تجربات کے دوران یہ ٹیکنالوجی کامیاب ثابت ہوئی۔ خصوصی سوٹ پہننے والا کاکروچ تقریباً تین گھنٹے تک پانی کے اندر متحرک رہا اور اس کی رفتار تقریباً 78.4 ملی میٹر فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی، جو خشکی پر اس کی معمول کی رفتار سے صرف معمولی حد تک کم تھی۔
سائنس دانوں کا خیال ہے کہ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو سرچ اینڈ ریسکیو، آبی تحقیق اور دیگر مشکل ماحول میں روبوٹک و بایو ہائبرڈ نظاموں کی صلاحیت بڑھانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔