ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے شہر میں جاری واسا کی سیوریج سکیموں کا تفصیلی معائنہ کیا
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے شہر میں جاری واسا کی سیوریج سکیموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا رمیض راجپوت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ/ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیر مسلم، اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے پل ڈاٹ تا منکا کینال ڈسپوزل مین ٹرنک لائن، پل پیاری والی اور گولائی کمیٹی کے علاقوں میں جاری سیوریج سکیموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بیوٹیفکیشن سکیم کے تحت گولائی کمیٹی کا بھی دورہ کیا۔منصوبوں پر استعمال ہونے والے میٹریل اور تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا جبکہ موقع پر موجود شہریوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور تجاویز بھی سنیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ سیوریج سکیموں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ شہریوں کو نکاسی آب کے بہتر اور پائیدار نظام کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے ہر پہلو کا باریک بینی سے معائنہ کیا جائے اور تعمیراتی معیار کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ مدت میں کام مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔