پنجاب میں 16 تا 18 سالہ نوجوانوں کو ڈرائیونگ پرمٹ دینے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے کم عمر نوجوانوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 16 سے 18 سال کی عمر کے افراد کو خصوصی جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق یہ پرمٹ صرف موٹر سائیکل اور اسکوٹی چلانے کے لیے قابلِ استعمال ہوگا، جبکہ اس کے حامل نوجوان 125 سی سی تک کی موٹر سائیکل استعمال کر سکیں گے۔
نئے پرمٹ کے حصول کے لیے سالانہ فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ درخواست گزار کے لیے اسمارٹ شناختی کارڈ یا ب فارم ضروری ہوگا، جبکہ والدین یا سرپرست کی تحریری اجازت بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ لائسنس کے اجرا سے قبل امیدواروں کو ٹریفک علامات سے متعلق ٹیسٹ اور عملی روڈ ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا، جن میں کامیابی پر پرمٹ فوری طور پر جاری کر دیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان اپنے قریبی لائسنسنگ سینٹر سے رجوع کر کے درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ اس اسکیم کے تحت پرمٹ کا اجرا رواں ہفتے سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ پرمٹ ہولڈرز کے لیے ہیلمٹ کا استعمال لازمی ہوگا، جبکہ موٹر سائیکل پر انڈی کیٹرز اور سائیڈ ویو مررز کی موجودگی بھی ضروری ہوگی۔ ٹریفک قوانین، رفتار کی حد اور سگنلز کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ ون ویلنگ، ون وے کی خلاف ورزی یا دیگر خطرناک حرکات کی صورت میں پرمٹ منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔