بزنس نیوز

وزیرِ زراعت عاشق کرمانی کی چینی وفد کو مقامی سطح پر زرعی مشینری بنانے کی دعوت

ملاقات کے دوران پنجاب کے وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے چینی کمپنیوں کو صوبے میں زرعی مشینری کی تیاری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ملک کی زرعی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور یہاں گندم، چاول، کپاس، مکئی اور گنا کی مجموعی ملکی پیداوار کا بڑا حصہ پیدا کیا جاتا ہے۔

انہوں نے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب ملک کی تقریباً 76 فیصد گندم، 62 فیصد چاول، 54 فیصد کپاس، 98 فیصد مکئی اور 71.3 فیصد گنے کی پیداوار فراہم کرتا ہے۔

وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ صوبے میں جدید زرعی مشینری کے استعمال اور اس کی مقامی تیاری کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، جبکہ چین سے ہائی ہارس پاور ٹریکٹرز، ہارویسٹرز اور دیگر جدید آلات پہلے ہی درآمد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیج، کھاد، بائیوٹیکنالوجی اور فصلوں کے تحفظ کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بھی نمایاں مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب ملک کی تقریباً 60 فیصد دودھ اور 65 فیصد گوشت کی پیداوار میں حصہ دار ہے، اور حکومت ان شعبوں میں ویلیو ایڈیشن اور برآمدات بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔

چینی وفد نے پنجاب کے زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے امکانات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے