نہر پر زیرِ تعمیر پل طویل عرصے سے نامکمل ہے جس کے باعث اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
رحیم یار خان موضع صادق پور میں واقع قبرستان بابا جیون شاہ کے مقام پر نہر پر تعمیر کیا جانے والا پل تاحال مکمل نہ ہو سکا، جس سے روزمرہ آمدورفت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ادھورا پل خصوصاً جنازوں کی منتقلی میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے، جہاں لوگوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اہلِ علاقہ کے مطابق یہ پل اردگرد کے تقریباً دس چکوک کے مکینوں کی سہولت کے لیے تعمیر کیا جا رہا تھا، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود کام مکمل نہ ہونا سوالیہ نشان بن چکا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال نہ صرف عوامی مسائل میں اضافہ کر رہی ہے بلکہ انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے بھی منافی ہے۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور، کمشنر بہاولپور اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر پل کی تعمیر جلد مکمل کروائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔