عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں ہفتے کے روز سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی، جس کے اثرات پاکستان کی صرافہ مارکیٹ پر بھی نمایاں رہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 11 ڈالر کم ہو کر 4,174 ڈالر پر آ گئی۔
عالمی رجحان کے باعث مقامی صرافہ بازار میں بھی 24 قیراط سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ سونا 1,100 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 39 ہزار 836 روپے کا ہو گیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 943 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 77 ہزار 88 روپے تک پہنچ گئی۔
ادھر چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان برقرار رہا۔ فی تولہ چاندی 48 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 716 روپے کی سطح پر آ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 42 روپے کم ہونے کے بعد 5 ہزار 757 روپے ریکارڈ کی گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہِ راست اثر مقامی سونے اور چاندی کی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے، جس کے باعث روزانہ کی بنیاد پر نرخوں میں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔