کھیل

شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سفیر عاصم افتخار سے ملاقات کی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد سے ملاقات بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق یہ دورہ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے سفیر کی دعوت پر ہوا، جس کے دوران شاہد آفریدی کو ادارے کے مختلف شعبوں اور اس کے عالمی کردار سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ انہیں بین الاقوامی امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان کرکٹ میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آفریدی نے اپنی جارحانہ بیٹنگ اور آل راؤنڈ کارکردگی کے ذریعے نہ صرف شائقینِ کرکٹ کو متاثر کیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام بھی روشن کیا۔

سفیر نے ان کی سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا اور کہا کہ ان کی کوششیں معاشرے کے کمزور طبقات کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

اس موقع پر گفتگو میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کھیلوں کے ذریعے سفارت کاری مختلف ممالک اور قوموں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے