تازہ ترین

حکام نے گلیشیائی جھیلوں سے ممکنہ خطرات کا الرٹ جاری کر دیا

پشاور: خیبر پختونخوا کی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے ممکنہ پھٹنے (GLOF) کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو احتیاطی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ شدید گرمی اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا امکان ہے، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

ادارے نے اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی منصوبہ بندی مکمل رکھنے، حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کرنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ترجمان کے مطابق ریسکیو اداروں، امدادی ٹیموں، ضروری مشینری اور ہنگامی عملے کو مکمل تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ ضلعی حکام کو خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں کو بروقت آگاہ کرنے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا منصوبہ بھی فعال رکھنے کا کہا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری طور پر پہاڑی اور گلیشیائی علاقوں کا رخ نہ کرنے، جبکہ دریاؤں، ندی نالوں اور تیز بہاؤ والے مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بارش یا سیلابی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

اتھارٹی نے شہریوں سے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ممکنہ خطرے کی اطلاع فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے