علاقائی نیوز

حفاظتی دیوار کی تعمیر اور اسپتال احاطے میں موجود تجاوزات کے خاتمے کے لیے جلد اقدامات

گھوٹکی/ عادلپور شہر میں پی پی ایچ آئی سینٹر میں جدید مدر ہوم کیئر سینٹر / میٹرنٹی ہوم کا افتتاح صوبائی وزیر صنعت جام اکرام اللہ دھاریجو اور میونسپل چیئرمین گھوٹکی جام آصف رزاق دھاریجو نے اپنے ہاتھوں سے کیا۔
افتتاحی تقریب میں سکندر لاکو، ہندو پنچایت کے رہنما بلی رام، ڈاکٹر راج کمار، انور خان شاہانی، ٹاؤن کمیٹی عادلپور کے وائس چیئرمین عبدالغفار کلوڑ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ عادلپور ان کا اپنا شہر ہے اور یہاں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر جام سیف اللہ خان دھاریجو کی خصوصی کاوشوں اور OGDCL کے تعاون سے عادلپور ہیلتھ سینٹر میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ مدر کیئر سینٹر / میٹرنٹی ہوم منظور کیا گیا ہے، جو علاقے کی خواتین اور بچوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسپتال کی مرمت، حفاظتی دیوار کی تعمیر اور اسپتال احاطے میں موجود تجاوزات کے خاتمے کے لیے جلد اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر امر لعل نے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں جدید طبی سہولیات، زچگی وارڈ، ایمرجنسی سروسز اور ماہر طبی عملے کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے، جس سے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
تقریب میں آواز آرگنائزیشن کے رہنما استاد فقیر محمد شیخ، استاد عبدالرحیم کلوڑ اور دیگر مقررین نے کہا کہ اس منصوبے سے عوام کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہوگی اور مقامی سطح پر بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
تقریب میں سیاسی، سماجی، تجارتی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے