پاکستان نے معدنیات کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی مائننگ کمپنیوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی تیاری کرلی ہے۔ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر اسد احمد کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں اہم معدنیات کی بڑھتی ہوئی طلب پاکستان کیلئے معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا کررہی ہے۔
انجینئر اسد احمد کے مطابق پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو معدنیات کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں ڈیڑھ سو سال سے زیادہ کا تجربہ حاصل ہے۔ ادارہ ملک میں موجود قیمتی معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ایم ڈی سی اینٹیمنی، کرومائٹ، تانبے، لوہے اور دیگر اہم معدنیات کی تلاش سے متعلق سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد پاکستان کے معدنی ذخائر کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ اس شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کو وسعت دینا ہے۔
چیف ایگزیکٹو پی ایم ڈی سی نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کیلئے شفاف، سازگار اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جس سے بین الاقوامی کمپنیوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
انجینئر اسد احمد کے مطابق پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف) غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی وسائل، جاری منصوبوں اور کاروباری مواقع سے آگاہ کرنے کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب یلماز پروسیس ٹیکنالوجیز (وائی پی ٹی) کے پروسیس ڈائریکٹر ڈاکٹر چنار اورہان نے بھی پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے وسیع امکانات کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ان ذخائر کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے استعمال میں لانے سے صنعتی ترقی اور عالمی سرمایہ کاری کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔
ڈاکٹر چنار اورہان نے بتایا کہ ان کی کمپنی معدنیات کی پروسیسنگ کے مختلف مراحل میں انجینئرنگ، خریداری، تعمیرات اور مینوفیکچرنگ سمیت جامع صنعتی خدمات فراہم کرتی ہے۔ جدید طریقہ کار اور تکنیکی مہارت کے ذریعے معدنی وسائل سے بہتر نتائج حاصل کرنے میں مدد دی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سونے کی بازیابی (گولڈ ریکوری) اور جدید معدنی پروسیسنگ کے شعبوں میں یورپی انجینئرنگ مہارت پاکستان کیلئے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے ذریعے عالمی سرمایہ کاروں اور تکنیکی اداروں کو پاکستان کے معدنی منصوبوں سے منسلک ہونے کا موقع مل رہا ہے۔
وائی پی ٹی کے پروسیس ڈائریکٹر کے مطابق کمپنی پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں طویل مدتی کاروباری روابط قائم کرنے، جدید ٹیکنالوجی منتقل کرنے اور بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتی ہے۔
ماہرین کے نزدیک معدنی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی، مؤثر منصوبہ بندی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے ساتھ ترقی دینے سے پاکستان کی صنعتی بنیاد مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم اس شعبے کی حقیقی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کیلئے شفاف پالیسیوں، جدید انفراسٹرکچر اور پائیدار سرمایہ کاری کو اہمیت دینا ہوگی
