اسلام آباد: حکومت نے ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم، قیمتوں میں شفافیت اور مارکیٹ میں دستیابی بہتر بنانے کے لیے نیلامی کا نیا طریقہ کار وضع کرنے پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پٹرولیم کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ایل پی جی کی فراہمی اور قیمتوں سے متعلق عوامی تحفظات کے حل پر غور کیا گیا۔

نیلامی کا نظام مارکیٹ میں منصفانہ مقابلے کو فروغ دینے، سپلائی چین کو مستحکم کرنے اور توانائی کے شعبے میں تحفظ کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مجوزہ طریقہ کار کے تحت ایل پی جی تیار کرنے والے اداروں کو اپنی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص کرنا ہوگا، جبکہ باقی 90 فیصد مقامی ایل پی جی میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔

حکومت نے نیلامی کے عمل میں کسی ایک کمپنی کی جانب سے ضرورت سے زیادہ ایل پی جی حاصل کرنے کی روک تھام کے لیے بھی حد مقرر کی ہے۔ نئے فریم ورک کے مطابق ہر اہل کمپنی کو روزانہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی خریدنے کی اجازت ہوگی۔

اس کے علاوہ ایل پی جی کی روزانہ پیداوار اور دستیاب مقدار کا باقاعدگی سے ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ متعلقہ حکام اس عمل کی نگرانی کریں گے اور حاصل ہونے والے اعداد و شمار وزیراعظم کو پیش کیے جائیں گے تاکہ پیداوار اور تقسیم کے نظام میں شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔

حکومتی پالیسی کے تحت نیلامی میں حصہ لینے والی تمام اہل کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد ایل پی جی کی فروخت کے عمل کو واضح قواعد کے تحت لانا، مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ دینا اور صارفین کو مناسب قیمتوں پر ایندھن کی فراہمی بہتر بنانا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے 4 نومبر 2026 کو ایل پی جی کی نیلامی سے متعلق مجوزہ فریم ورک کی منظوری دی تھی۔ اب اس نظام پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ کمیٹی کے اجلاسوں میں طریقہ کار اور انتظامی امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

نئے نظام کے ذریعے حکومت ایل پی جی کی خرید و فروخت میں شفافیت، دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے صارفین کے تحفظات کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *